سلانوالی:تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن ،نالوں پر تعمیرات مسمار
سلانوالی(نمائندہ دنیا )انتظامیہ کا تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن نکاسی آب کے نالوں پر پختہ تجاوزات کو بھاری مشینری کے ذریعے بلڈوز کر دیا گیا۔۔۔
اسسٹنٹ کمشنر طارق محمود گل نے کہا ہے کہ آپریشن تجاوزات کے مکمل خاتمہ تک جاری رہے گا ،تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ستھرا پنجاب احکامات کی روشنی میں دیگر شہروں کی طرح سلانوالی میں بھی اسسٹنٹ کمشنر سلانوالی طارق محمود گل کی نگرانی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے گزشتہ روز ضیاء شہید روڈ پر بھاری مشینری کے ذریعے بڑا آپریشن کیا گیا اور نکاسی آب کے نالوں پر قائم کی گئی تجاوزات کو مسمار کر دیا گیا اور نالوں پر پختہ تھڑے چبوترے و دیگر ہر قسم کی تجاوزات کو ہٹا دیا گیا بتایا گیاہے کہ نکاسی آب کے نالوں پر پختہ تجاوزات کے باعث نکاسی آب کا نظام غیر فعال تھا اور سینی ٹیشن سٹاف کو نالوں کی صفائی میں مشکلات پیش آ رہی تھیں اور بارش آنے پر نالوں کا گندہ پانی باہر بازاروں میں نکل آتا تھا ،شہریوں نے نکاسی آب کے نالوں پر تجاوزات کے خاتمہ کو مستحسن اقدام قرار دیا ہے ۔