ماڈل لائبریریاں قائم کرنے کا فیصلہ ، حکم نامہ جاری
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) حکومت کی طرف سے سرگودھا سمیت صوبہ بھر میں ماڈل کمیونٹی اونڈ(ملکیتی) لائبریریوں کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔۔۔
ذرائع کے مطابق سیکرٹری آرکیو اینڈ لائبریرز ونگ ایس اینڈ جی اے ڈی حکومت پنجاب محمد خان رانجھا کی جانب سے اس حوالے سے ڈپٹی کمشنرز کو حکم نامہ اور گائیڈ لائن جاری کر دی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ لائبریریاں معاشرے میں روشنی اور ترقی پسند رجحانات کے لیے ایک اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ موجودہ دور کی دنیا میں لائبریریوں کو معاشرتی مراکز بھی سمجھا جاتا ہے جو معاشرے کے تمام طبقات کی شمولیت کے لیے کام کرتے ہیں اور خود سیکھنے کے ذرائع کے طور پر خدمات انجام دیتے ہیں۔ مشاہدہ میں آیا ہے کہ کمیونٹی کی ملکیت والی لائبریریاں بہترین حل ہو سکتی ہیں کیونکہ یہ ان کی پائیداری اور خدمات کے معیار کے ساتھ ساتھ ایک متحرک کمیونٹی کو بھی یقینی بناتی ہیں،جس پر حکومت کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ شہروں اور قصبوں میں شہریوں کی فعال شمولیت کے ساتھ کمیونٹی کی ملکیت والی لائبریریوں کا قیام عمل میں لایا جائے ، ایسی لائبریریوں کے قیام کے لیے ترجیح بنیادوں پر موزوں مقامات کی نشاندہی کی جائے اور ان کے امور چلانے کے لیے ایک نوٹیفائیڈ انتظامی کمیٹی قائم کی جائے ،یہی مستقبل میں ماڈل لائبریریاں بن سکتی ہیں اور یہ شہریوں میں پڑھنے کی عادات کو پروان چڑھانے کے لیے مضبوط نرسریاں ثابت ہوں گی۔