11 ارب سے سیوریج بحالی ، انفراسٹرکچر ، سڑکوں کی تعمیر ، پارکوں کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ کمپنی نے شہر کے سیوریج سسٹم کی بحالی، انفراسٹرکچر، سٹرکوں کی تعمیر ومرمت اور ایم سی کے پارکوں کی اپ گریڈیشن کی ماڈل سٹیڈی کرکے اپنا ابتدائی پی سی ون تیار کیا ہے ۔
پی ایم ڈی ایف سی کی ٹیم نے کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم سے ملاقات کی اور اپنی ماڈل سسڈی، سفارشات و تخمینہ جات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، سی او ایم سی عمر فاروق، ایکیسن پبلک ہیلتھ انجینئرنگ محمد عمران اور ایم او آئی حامد چھٹہ بھی موجود تھے ۔ ٹیکنیکل ٹیم نے بتایا کہ شہر کے انفراسٹرکچر اور سیوریج سسٹم کی بحالی کا ابتدائی طور پر 11 ارب روپے کا پی سی ون تیار کیا گیا۔ سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن کا 6 ارب روپے ، سٹرکوں کی تعمیر و مرمت کا ساڑھے تین ارب روپے جبکہ سیوریج کی جدید مشینری کی خریداری کا 60 کروڑ روپے اور ایم سی کے پارکوں کی بحالی کا 25 کروڑ روپے تخمینہ لگایا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شہر کی ناکارہ تقریباً 74 کلومیٹر سیور لائن کو تبدیل کیا جائے گا۔ اسی طرح سلانوالی، جناح کالونی اور نیو سٹیلائٹ ٹاون ڈسپوزلز کی اپ گریڈیشن اور سولرائزیشن بھی کی جائے ۔ شہر کے دو مختلف مقامات قینچی موڑ اور کمپنی باغ پر بارشی پانی سٹوریج ٹینک تجویز کیے گئے ہیں۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ شہر کا کوئی علاقہ سیوریج سے محروم نہ رہے ۔