کمشنر کا آئوٹ سورس سکول کا دورہ، سہولیات نہ ہونے پر برہم
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے جمعہ کے روز آؤٹ سورس گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول 115 جنوبی، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال 46 جنوبی اور سول ویٹرنری ہسپتال چک نمبر 114 جنوبی کا دورہ کیا۔
کمشنر نے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول میں عدم دستیاب سہولتوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لائسنس ہولڈر کو جون تک تمام معاملات درست کرنے تنبیہ کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ مدت میں معاہدے کے تحت طلبہ کو سہولیات فراہم کرنے میں ناکامی پر لائسنس ہولڈر کے خلاف ضابطہ کی کاروائی کی جائے گی۔ دورہ کے دوران سکول میں طلبہ کی تعداد کم پائی گئی، فرنیچر سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی کمی اور عمارت کی حالت بھی مخدوش تھی۔ اس موقع پر کمشنر سے والدین نے بھی ملاقات کی اور انہیں ٹیچرز کی عدم دستیابی اور تدریسی فقدان بارے آگاہ کرتے ہوئے سکول انتظامیہ کے خلاف شکایات پیش کیں،کمشنر جہانزیب اعوان نے ٹی ایچ کیو 46 جنوبی کا دورہ کیا اور مختلف شعبہ جات کا معائینہ ،مریضوں کی عیادت اور لواحقین سے ملاقات کر کے ادویات کی دستیابی سمیت صحت عامہ کی سہولیات بارے آگاہی لی۔ کمشنر نے ویٹرنری ہسپتال 114 جنوبی کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے سٹاف کی حاضری، دستیابی اور کارکردگی کا جائزہ لیا۔