ہمیشہ کاشتکاروں ، محنت کشوں کو ریلیف دینے کی کوشش کی :گورنر

  ہمیشہ کاشتکاروں ، محنت کشوں کو ریلیف دینے کی کوشش کی :گورنر

جڑانوالہ، بچیانہ(نمائندگان دنیا )گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہدا کی جماعت ہے ، جو مظلوموں کے درد کو سمجھتی ہے۔

 ہم نے ہمیشہ کاشتکاروں اور محنت کشوں کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی ہے ۔ پیپلز پارٹی نے اقتدار میں رہتے ہوئے عوام کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر ہمیشہ توجہ مرکوز رکھی، ملکی حالات کا حل صرف بلاول بھٹو کے پاس ہے ،پنجاب کے محنت کشوں،کسانوں کیلئے گورنر آفس کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے ٹکٹ ہولڈر رائے وقاص اسلم کے ڈیرے پر منعقدہ تقریب میں پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر رائے وقاص اسلم اور سابق ایم پی اے رائے شاہ جہان کھرل نے بھی اظہار خیال کیا۔ سید حسن مرتضٰی نے گورنر پنجاب کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جمہوریت اور عوامی خدمت ہماری ترجیح ہیں۔قبل ازیں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کی پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکرٹری حسن مرتضیٰ کے ہمراہ سانحہ لنڈیانوالہ کے متاثرین سے اظہار تعزیت کیلئے سید پورہ آمد، حادثہ میں جاں بحق 12 افراد کے لواحقین سے ملاقات میں فاتحہ خوانی کی۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے جاں بحق 12 افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے دُکھ میں برابر کے شریک ہیں، ایسا سانحہ ناقابل فراموش ہے ۔ 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں