میانوالی:صحت سہولت کارڈز کے شیئرز کے چیکس کی تقسیم

میانوالی (نامہ نگار)محکمہ صحت کے زیر اہتما م صحت سہولت کارڈز کے شیئرز کے چیکس کی تقسیم کے سلسلہ میں تقریب ڈی ایچ ڈی سی ہال میں منعقد ہوئی۔
تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ تھے ۔تقریب میں سی ای او اہیلتھ ڈاکٹر محمد رفیق خان، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر امیر احمد خان کے علا وہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد رفیق خان نے کنسلٹنٹ ڈاکٹرز، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس سٹاف میں گزشتہ تین سالوں کی کارکردگی کی بنیاد پر صحت سہولت کارڈ کے دو کروڑ 17لاکھ روپے کے چیکس تقسیم کئے ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنرکو فوکل پر سن ڈاکٹر عثمان نے بریفنگ دیتے ہو ئے بتا یا کہ صحت سہولت کارڈ کے ذریعے 48ہزار سے زائد مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں اور میانوالی فیصل آباد ڈویژن میں کارکردگی کے حساب سے دوسرے نمبر پر رہا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ لوگ ڈاکٹرز کو مسیحا ما نتے ہیں،ڈاکٹر ز اور پیرا میڈیکل سٹاف مریضوں سے خوش اسلو بی سے پیش آئیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ لوگ غریب بیمار لوگوں کی آخری امید ہیں ہسپتال میں آنیوالے مریضوں سے نر م لہجے سے پیش آئیں تاکہ ان کا بہتر انداز میں علاج معالجہ ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ صحت سہولت کارڈ کی رقوم کی تقسیم کے نظام کو میرٹ پر یقینی بنا یا گیا ہے ۔