فوکل پرسن عظمیٰ کارداد کا پولیومہم کا جائزہ لینے کیلئے سرگودھا کا دورہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) فوکل پرسن وزیر اعلی پنجاب برائے پولیو عظمی کاردار نے پولیو مہم کے جائزہ کے لیے سرگود ھا کا دورہ کیا۔۔
دفتر ڈپٹی کمشنر میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر وہ سرگودہا آئی ہیں تاکہ انسداد پولیو مہم کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے ۔انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر میں پانچ روزہ انسداد پولیو بھرپور انداز میں جاری ہے ۔ ڈی سی دفتر میں منعقدہ اجلاس کے دوران عظمیٰ کاردار کو جاری انسداد پولیو مہم بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سارہ صفدر بھی موجود تھیں۔عظمی کاردار نے والدین سے بھرپور تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کی گئی ہے ۔انہوں نے پولیو ٹیموں کی محنت اور والدین کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم سب کی مشترکہ کاوشوں سے پولیو کے خلاف مہم میں کامیابی حاصل ہو رہی ہے ۔بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے کے لیے ہر بچے کو پولیو ویکسین پلانا انتہائی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا پاکستان کو پولیو فری بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ پولیو ٹیموں کی فول پروف سیکورٹی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے ۔ بعد ازاں فوکل پرسن عظمی کاردار نے فیلڈ میں موجود پولیو ورکرز کی کارکردگی کا موقع پر جا کر جائزہ لیا اور سخت موسم میں کام کرنے والے ورکرز کا حوصلہ بڑھایا۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سارہ صفدر بھی ان کے ہمراہ تھیں ۔