سرکاری ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کی انسپیکشن ، کوتاہی پر انتظامیہ کو سخت کارروائی کی وارننگ

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی جانب سے سرکاری ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کی انسپکشن کا سلسلہ جاری ہے ۔ جمعرات کے روز انہوں نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال چک نمبر 90 جنوبی۔۔۔
بنیادی مرکز صحت اور آؤٹ سورس گورنمنٹ پرائمری سکول چک نمبر 98 جنوبی کا تفصیلی دورہ کیا۔ کمشنر نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال چک نمبر 90 جنوبی کے دورہ کے دوران مختلف شعبہ جات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ایمرجنسی، او پی ڈی، لیبارٹری، وارڈز اور میڈیکل اسٹور کا معا ئنہ کیا اور وہاں موجود مریضوں سے ملاقات کر کے علاج معالجے کے معیار بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ صحت کے شعبے میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔مریضوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔دورے کے دوران کمشنر نے میڈیکل اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض دیانت داری سے سر انجام دیں اور مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ ہسپتالوں کی بہتری کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور جہاں کوتاہی پائی گئی وہاں ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔