محکمہ داخلہ کا حکم نظر انداز : اسلحہ برانچز میں گھپلے کر نیوالے سیٹوں پر برقرار

سرگودھا (سٹاف رپورٹر)ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اسلحہ برانچز میں سنگین نوعیت کی بے ضابطگیاں سامنے آنے پرضلعی انتظامیہ اثر و رسوخ رکھنے والے ملازمین کو تبدیل کرنے کے احکامات پرعملدرآمد میں مکمل ناکام ہو گئی۔۔۔
جبکہ مختلف جواز تلاش کر کے معاملات کو طول دیا جا رہا ہے ، ا س ضمن میں ہوم ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب کی جانب سے سرگودھا سمیت صوبہ بھر ڈپٹی کمشنرز کے ماتحت کام کرنیوالی اسلحہ برانچوں میں قوائد و ضوابط کی پامالی اور اہلکاروں کی مبینہ کرپشن پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے گائیڈ لائن جاری کر کے اس کے مطابق فوری طور پر برانچز کے تمام عملہ کو تبدیل کرنے کے احکامات جاری کئے تھے ، جن پر کئی اضلاع میں عملدرآمد ہو چکا مگر انتظامیہ سرگودھا میں عملدرآمد نہیں کروا سکی، اور تمام ڈیٹا کی پی ڈی ایف فائل بنانے سمیت دیگر مختلف جواز تراش کر معاملات کو بلا وجہ طول دیا جا رہا ہے دوسری جانب اسلحہ برانچ میں کمپیوٹرائزیشن یا ری ویلی ڈیشن/منتقلی کیلئے موصول ہونیوالی درخواستوں کی تحقیق اور تجاویز جیسے امور کے دوران بدستور کرپشن کی جا رہی ہے ، کئی کئی سالوں سے اہلکار وں کو تبدیل نہیں کیا جاتا اسی طرح دیگر امور میں بھی غفلت کی شکایات موصول ہو رہی ہیں ،جبکہ لگ بھگ 15ہزار سے زائد مینول لائسنس انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کی بھینٹ چڑھتے جا رہے ہیں، سائلین نے وزیر اعلی پنجا ب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔