1کروڑ،15لاکھ کی گندم خوردبرد،فوڈانسپکٹر اورساتھی گرفتار

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)اینٹی کرپشن سرگودھا نے 1کروڑ15لاکھ روپے مالیتی سرکاری گندم خردبرد کرنے والے فوڈگرین انسپکٹر اور ساتھی ملزم کو گرفتار کر لیا۔۔۔
تفصیلات کے مطابق ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھا کو ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سرگودھا کی طرف سے فوڈ سنٹر شاہ نکڈر سے گندم چوری کی اطلاعات موصول ہوئیں،بعداز انکوائری الزامات ثابت ہونے پر ملزم آغا عباس فوڈ گرین انسپکٹر، اسکے بہنو ئی صفدر شاہ, کار خاص حیات لالی, شوکت عباس چوکیدار اور دیگر 4 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج ہوا، تفتیش میں سرکاری گندم کے 50،50کلو گندم والے 1764بیگز کی خورد برد ثابت ہو گئی ،جن کی مالیت محکمہ فوڈ ریکوری ریٹ 1کروڑ15لاکھ54ہزار7سو44روپے بنتی ہے ۔ ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تو انہوں نے عدالت سپیشل جج اینٹی کرپشن سرگودھا سے عبوری ضمانتیں کروا لی جو کہ خارج ہونے پر ملزمان نے عدالت عالیہ لاہور ہائی کورٹ لاہور سے عبوری ضمانتیں کروا لیں۔ عبوری ضمانتیں خارج ہونے پر ملزم احاطہ عدالت سے فرار ہوگئے ،چھاپہ مار کرآغا عباس شاہ اور محمد حیات کو گرفتار کر لیا۔ جبکہ باقی ملزمان کی گرفتار ی کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔