ایرانی میڈیا سے اظہار یکجہتی کیلئے پریس کلب کے باہر احتجاج

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) پاکستان میڈیا کونسل کے زیر اہتمام ایرانی میڈیا سے اظہار یکجہتی کیلئے سرگودھا پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔۔۔
مظاہرہ میں صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور اسرائیلی فوج کی طرف سے ایرانی ٹی وی چینل پر حملہ کی پر زور مذمت کی، اس موقع پر شرکاء نے اسرائیل اور امریکہ کیخلاف شدید نعرے بازی کی، ریلی سرگودھا پریس کلب سے شروع ہو کر خوشاب روڈ پر اختتام پذیر ہوئی، اس موقع پر صدر سرگودھا پریس کلب عبدالحنان و دیگر کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے دوران نشریات سرکاری ایرانی ٹی وی چینل پر حملہ کی پر زور مذمت کرتے ہیں، اور اینکر سحر امامی کی جرات کو سلام پیش کرتے ہیں، جنہوں نے حملے کے چند منٹ بعد ہی اسرائیل کے گھناونے جنگی جرائم کو چینل پر آشکار کرنا جاری رکھا۔ اسرائیل انسانیت کا قاتل، آزادی اظہار رائے اور اسلام دشمن ہے ، پوری امت مسلمہ ایران کی سلامتی، خود مختاری اور آزادی کی حمایت کرتی ہے ، اسرائیلی جارحیت سے پورے خطہ میں کشیدگی بڑھ رہی ہے اور اس کے سنگین نتائج سامنے آئیں گے ۔