مذہبی ہم آہنگی، سکیورٹی، صفائی اولین ترجیح ہے :جہانزیب اعوان

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام، مذہبی ہم آہنگی، سکیورٹی، صفائی اور بلدیاتی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔۔
وہ ڈپٹی کمشنر دفتر خوشاب کے کانفرنس ہال میں محرم الحرام کے حوالے سے سیکیورٹی و انتظامی امور پر منعقدہ اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ اجلاس میں ریجنل پولیس آفیسر سرگودہا شہزاد آصف خان، ڈپٹی کمشنر خوشاب فروہ عامر، ڈی پی او خوشاب توقیر محمد نعیم، اے ڈی سی جی، اے ڈی سی آر، اسسٹنٹ کمشنرز، سی او بلدیہ، ایکسین پبلک ہیلتھ، سی ای او ہیلتھ، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، فائر بریگیڈ، اور دیگر اداروں کے افسران شریک تھے ۔ کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کے منتظمین سے مسلسل رابطہ رکھا جائے ، ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور ضلعی امن کمیٹیاں مکمل طور پر فعال ہوں۔ انہوں نے سیکیورٹی اداروں کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے تمام راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں، واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹر کے ذریعے چیکنگ کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، اور فائر بریگیڈ کو الرٹ رکھا جائے ۔ کمشنر نے صفائی، روشنی، پیچ ورک اور نکاسی آب کے خصوصی انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔