پرامن فضا کے قیام میں ضلعی امن کمیٹی کا کردار اہم ہے ،کمشنر
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) محرم الحرام کے مقدس مہینہ میں ضلع بھکر کی پرامن فضا کو برقرار رکھنے کیلئے ضلعی امن کمیٹی کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار کمشنر سرگودہا ڈویژن محمد جہانزیب اعوان نے دورہ بھکر کے دوران ڈی سی آفس میں منعقدہ ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ امن کمیٹی کے معزز اراکین کی محنت اور تعاون کے ثمرات عوام کو پرامن عشرہ محرم الحرام کی صورت میں میسر آئیں گے ۔اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) سرگودہا آصف شہزاد بھی موجود تھے ۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرمحمد اشرف، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شہزاد رفیق اعوان، اے ڈی سی ریونیو عبد القدیر، اے ڈی سی جنرل ارشد وٹو،اے سی مہتاب احمد خان ،معزز ممبران امن کمیٹی نے شرکت کی۔کمشنر نے کہا کہ ضلع بھکر میں امن و امان کی فضاء کو برقرار رکھنے کے لیے انتظامیہ اور ضلعی امن کمیٹی کی کوآرڈی نیشن نہایت ضروری ہے اور اس عمل کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے ۔آر پی او نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔