کمشنر اور آر پی او کا خوشاب کے مختلف علاقوں میں سیلاب کا جائزہ
جوہرآباد،شاہپورصدر(نمائندہ دُنیا،نامہ نگار ) کمشنر سرگودھا ملک جہانزیب اعوان اور آر پی او سرگودھا ڈویژن نے حالیہ مون سون بارشوں کے پیش نظر خوشاب کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔
انہوں نے ہموکہ، ٹھٹھی گنجھیرا اور لنگر والا پل کے مقامات پر پہنچ کر ممکنہ سیلابی صورتحال، پانی کے بہاؤ اور حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خوشاب فروہ عامر اور ڈی پی او خوشاب توقیر محمد نعیم بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔ریسکیو 1122 کے ضلعی انچارج نے موقع پر موجود افسران کو ایمرجنسی تیاریوں، عملے کی تعیناتی اور دستیاب وسائل کے بارے میں بریفنگ دی۔کمشنر سرگودھا نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام تر تیاری مکمل رکھی جائے ، وسائل کو مکمل فعال رکھا جائے اور عوامی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے بعد ازاں دریائے جہلم کے مقام پر واقع پرانے پل اور محلہ حسین آباد گراسی گراونڈ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ممکنہ سیلابی ریلے اور نکاسی آب کی صورتحال کا جائزہ لیا۔دریں اثنا کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان اور ریجنل پولیس آفیسر شہزاد آصف خان نے دریائے جہلم میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر تحصیل شاہپورکے دریا کنارے ممکنہ متاثرہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر شاہپور ڈاکٹر عابد ممتاز ،ڈی ایس پی ارشدگوندل ،پروجیکٹ منیجر رانا مرتضی مقبول ،مانیٹرنگ منیجر رانا توقیر ،نائب تحصیلدار ظفر اقبال بلکا ،ایس ڈی او علی مہران ،ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک سید آصف شاہ ، اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔ ڈویژنل سربراہان نے فلڈ ریلیف کیمپس، ریسکیو پوائنٹس اور دریا کے بہاؤ کے حساس مقامات کا معائنہ کیا ۔ کمشنر نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ہائی الرٹ رہا جائے اور لمحہ بہ لمحہ صورتحال پر کڑی نظر رکھی جائے ۔