ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن، لاکھوں جرمانہ
مجموعی طور پر266 چالان ،5 لاکھ 61 ہزار 600 روپے جرمانہ وصول کیا گیا
میانوالی (نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کے ویژن محفوظ پنجاب اور قانون کی یکساں عملداری کے تحت آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور کی خصوصی ہدایات پر ڈی پی او میانوالی کیپٹن (ر) رائے محمد اجمل کی نگرانی میں میانوالی ٹریفک پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی۔ڈی ٹی او طیب علی شاہ کی قیادت میں صوبائی موٹر وہیکلز ترمیم شدہ قوانین کے تحت کارروائی کرتے ہوئے ٹریفک پولیس نے مجموعی طور پر266 چالان کیے ، جن کے نتیجے میں5 لاکھ 61 ہزار 600 روپے جرمانہ وصول کیا گیا، جبکہ 115 گاڑیاں مختلف خلاف ورزیوں پر بند کر دی گئیں۔کارروائی کے دوران بغیر ہیلمٹ 98، بغیر ڈرائیونگ لائسنس 44 اور کم عمر 7 ڈرائیوروں کے خلاف چالان کیے گئے ۔ اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 284 ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے ، جن میں 259 موٹر سائیکل اور 25 موٹر کار کے لائسنس شامل ہیں۔ٹریفک پولیس حکام کے مطابق روڈ سیفٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔