بھاگٹانوالہ: فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ، 800 کلو مضرِ صحت گوشت برآمد
ذوالفقار نامی قصائی کو گرفتار کر لیا گیا، مضرِ صحت گوشت کو تلف کر دیا گیا
بھاگٹانوالہ (نمائندہ دنیا) بھاگٹانوالہ میں اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسر نے غیر معیاری اور مضرِ صحت گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چھاپہ مارا، جس دوران 800 کلوگرام مضرِ صحت گوشت برآمد کر لیا گیا۔فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران ذوالفقار نامی قصائی کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ آصف نامی قصائی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ برآمد ہونے والا مضرِ صحت گوشت تحویل میں لے کر قانونی تقاضوں کے مطابق تلف کر دیا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے ، جبکہ فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔