بھکر:96 مستحق افراد کو ویل چیئرز اور معاون آلات فراہم
\'\'اسیسٹیو ڈیوائسز و ویل چیئر پروگرام\'\' کے تحت آ لات فراہم کئے گئے
بھکر(ڈسٹرکٹ رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کے تحت چلنے والے \'\'اسیسٹیو ڈیوائسز و ویل چیئر پروگرام\'\' کے تحت ضلع کونسل ہال بھکر میں 96 مستحق افراد کو ویل چیئرز، الیکٹرک ویل چیئرز اور دیگر معاون آلات فراہم کیے گئے ۔تقریب میں ایم این اے رشید اکبر خان نوانی، ایم پی اے عامر عنایت خان شہانی اور سابق ایم این اے عبدالجید خان خنان خیل کی نمائندگی مقامی رہنماوں نے کی۔ اس کے علاوہ اے ڈی سی جی ڈاکٹر ارشد وٹو، سی ای او صحت و آبادی ڈاکٹر مظہر عباس بلوچ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ملک مشتاق حسین، رانا آفتاب احمد خان اور رانا انور اختر بھی موجود تھے ۔مقررین نے کہا کہ پنجاب بھر میں اب تک مجموعی طور پر 12,245 افراد کو مینول اور الیکٹرک ویل چیئرز، ٹرائی سائیکلز، واکرز اور دیگر معاون آلات فراہم کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کا مقصد افرادِ باہم معذوری کو باوقار اور خودمختار زندگی کی طرف لانا ہے اور ‘‘معذوری سے پاک پنجاب’’ کا وژن عملی شکل اختیار کر رہا ہے ۔اس موقع پر خصوصی افراد نے وزیراعلیٰ پنجاب اور سہیل شوکت بٹ، صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب کا شکریہ ادا کیا اور ان کے لیے دعائیں کیں۔