ساہی وال: چوروں کی وارداتیں، شہری لاکھوں سے محروم
محمد الیاس کے ڈیرہ سے لاکھوں مالیت کے جانور اور پیٹر انجن چوری کر لیا گیا
ساہی وال/سرگودھا (نمائندہ دنیا) غلام عباس اعوان) ساہی وال اور گردونواح میں چوروں نے تباہی مچا دی ہے ، جہاں نان اسٹاپ وارداتوں میں شہری لاکھوں روپے نقدی، طلائی زیورات، مویشی اور دیگر قیمتی اشیاء سے محروم ہو گئے ۔ پولیس نے متاثرین کی درخواستوں پر مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔محلہ صادق آباد کے رہائشی محمد عمران کے گھر سے ہزاروں روپے نقدی اور لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات، رادھن کے رہائشی محمد الیاس کے ڈیرہ سے لاکھوں مالیت کے جانور اور پیٹر انجن، اور رادھن سے کوٹلہ وطنی کے محمد رمضان سے گن پوائنٹ پر نقدی لوٹ لی گئی۔ اسی طرح محلہ دبکری دروازہ کے شعبان چشتی، دھول کدھی کے عندلیب الحسن، لکھی وال کے مختار جھمٹ، محلہ ہائی سکول کے حسن رضا شاہ، محلہ شاہ مقصود کے توقیر ارائیں اور محلہ مصطفی آباد کے ارسلان مغل بھی چوروں کے نشانے پر آئے ۔ وارداتوں میں گرم بستر، سلنڈر، انورٹر، موٹر اور قیمتی جانور بھی چوری ہو گئے ۔شہریوں نے ڈی پی اور آر پی او سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے جان و مال کے تحفظ کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں اور وارداتوں میں ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے ۔ ایس ڈی پی او ساہی وال حق نواز میکن نے کہا کہ تحصیل بھر کے تھانوں اور پولیس چوکیوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ مقدمات کا فوری اندراج کریں اور عوام بھی پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بہت جلد وارداتوں میں ملوث افراد پکڑے جائیں گے ۔