کلورکوٹ:شدید دھند اور سردی کا راج، کاروبار زندگی متاثر
کلورکوٹ:شدید دھند اور سردی کا راج، کاروبار زندگی متاثر لنڈا بازار میں جیکٹس، شالوں،جرابوں،جرسیوں، دستانوں کی فروخت بڑھ گئی
کلورکوٹ (نمائندہ دنیا)کلورکوٹ شہر سمیت تحصیل بھر کے مختلف علاقوں میں آج دوسرے روز بھی شدید دھند اور سردی کا راج رہا، جس کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق شدید دھند اور سردی کے باعث جہاں کاروباری سرگرمیاں ماند پڑ گئیں اور بازاروں میں رش دیکھنے کو نہ ملا، وہیں کوئلہ، لکڑی، خشک میوہ جات، گجریلا، پکوڑے اور سموسوں کی فروخت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ سردی کی شدت کے باعث شہری گھروں میں محصور رہے ۔دوسری جانب کلورکوٹ کے لنڈا بازار میں جیکٹس، شالیں، جرسی، جرابیں، دستانے اور جوتوں کی فروخت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شدید سردی اور دھند کے باعث روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے جبکہ موسم کی شدت میں کمی کے آثار نظر نہیں آ رہے ۔