کاشتکاروں اور فیکٹری مالکان کے مذاکرات کینوکاریٹ رواں ہفتے کیلئے 1600 روپے طے

کاشتکاروں اور فیکٹری مالکان کے مذاکرات کینوکاریٹ رواں ہفتے کیلئے 1600 روپے طے

آئندہ ہفتوں میں ریٹ کا تعین مارکیٹ کی صورتحال، طلب و رسد کو مدنظر رکھتے ہوئے کرنے کا فیصلہ، ضلعی انتظامیہ کی بروقت مداخلت سے ایک دیرینہ تنازع خوش اسلوبی سے حل ہوا،کاشتکار

سرگودھا (سٹاف رپورٹر)ضلعی انتظامیہ کی ثالثی میں ہونیوالی طویل میٹنگ کے بعد کینو کے کاشتکاروں اور فیکٹری مالکان کے درمیان موجودہ ہفتے کیلئے کینو کا ریٹ 16سو روپے فی من طے پا گیا۔ میٹنگ رات گئے تک جاری رہی جس میں تمام متعلقہ فریقین نے شرکت کی کاشتکار نمائندوں نے ریٹ پر اتفاق کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مریم نواز اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے کسانوں کے مؤقف کو توجہ سے سنا اور مسئلے کے حل میں مؤثر کردار ادا کیا۔ضلعی انتظامیہ کی بروقت مداخلت سے ایک دیرینہ تنازع خوش اسلوبی سے حل ہوا۔

فیکٹری مالکان اور ایکسپورٹرز کے نمائندوں نے بھی فیصلے کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ مختلف برادریوں کے درمیان پائے جانیوالے تحفظات دور ہو گئے ہیں۔ ان کا کہنا کہ 16سو روپے فی من کا ریٹ صرف موجودہ ہفتے کیلئے طے کیا گیا جبکہ آئندہ ہفتوں میں ریٹ کا تعین مارکیٹ کی صورتحال، طلب و رسد اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائیگا۔ ایکسپورٹرز نے اس امر کی نشاندہی بھی کی کہ اس وقت برآمدات، خصوصاً افغانستان کو ایکسپورٹ میں رکاوٹوں کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا ہے جس کا اثر مجموعی مارکیٹ پر پڑ رہا ہے ۔ انتظامیہ نے ان تحفظات کو نوٹ کرتے ہوئے متعلقہ فورمز تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی ایک ہفتے بعد تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ دوبارہ میٹنگ کی جائیگی، جس میں مارکیٹ کے حالات کا جائزہ لے کر آئندہ کے ریٹ سے متعلق مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائیگا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں