3اضلاع میں 586 واٹر فلٹریشن پلانٹس لگانے کا منصوبہ
ضلع میانوالی میں 164، بھکر 211 اور خوشاب میں 211 پلانٹس لگائے جائیں گے ،منصوبہ 30جون تک مکمل ،3ارب،80کروڑ لاگت آئیگی،کمشنر کو بریفنگ
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودہا ڈویژن شوکت علی کی زیر صدارت پنجاب صاف پانی اتھارٹی کے وزیراعلی پنجاب صاف پانی پروگرام ’’پینے کا صاف پانی سب کے لیے ‘‘ کے تحت ایک بریفنگ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں فیز ون کے دوران سرگودہا ڈویژن کے تین اضلاع خوشاب، میانوالی اور بھکر میں فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔کمشنر کو بتایا گیا کہ فیز ون میں تین اضلاع میں مجموعی طور پر 586 فلٹریشن پلانٹس، آر او اور یو ایف پلانٹس نصب کیے جا رہے ہیں۔ ان میں ضلع میانوالی میں 164، بھکر میں 211 اور خوشاب میں 211 پلانٹس شامل ہیں۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ اس منصوبے پر مجموعی طور پر تین ارب 80 کروڑ روپے لاگت آئے گی اور فیز ون 30 جون تک مکمل کیا جائے گا۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ کنٹریکٹر ایک سال تک پلانٹس کی مرمت اور دیکھ بھال کا ذمہ دار ہوگا۔ فیز ٹو میں ضلع سرگودہا میں فلٹریشن پلانٹس نصب کیے جائیں گے ۔ کمشنر شوکت علی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صاف پانی وزیراعلی پنجاب کا اہم ترین عوامی فلاحی اقدام ہے اور اس منصوبے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فلٹریشن پلانٹس کی سائٹس کا دوبارہ جائزہ لیا جائے ۔ کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ ذاتی طور پر منصوبے کی مانیٹرنگ کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام پلانٹس مقررہ معیار کے مطابق نصب ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اجتماعی ذمہ داری ہے ، تمام متعلقہ ادارے مل کر کام کریں تاکہ عوام کو بروقت اور معیاری صاف پانی کی سہولت فراہم کی جا سکے ۔