ڈپٹی کمشنر کا بھیرہ کا دورہ، صفائی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا
ڈپٹی کمشنر کا بھیرہ کا دورہ، صفائی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیاکوڑا کرکٹ پوائنٹس کا معائنہ کیا،ٹی ایچ کیو ہسپتال کا بھی اچانک دورہ
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چودھری نے تحصیل بھیرہ کے مختلف علاقوں اور سرکاری اداروں کا دورہ کیا اور ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت جاری صفائی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے علی پور، خان محمد والا اور ہتھی ونڈ کے دیہات میں گلی محلوں، مین شاہراہوں، کوڑا کرکٹ پوائنٹس، نالوں اور کھلے مقامات کا معائنہ کیا، صفائی عملے کی حاضری، مشینری کے استعمال اور کوڑا اٹھانے کے نظام کا جائزہ لیا اور موقع پر ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام محض کاغذی کارروائی نہیں بلکہ اس کے عملی نتائج عوام کو واضح طور پر نظر آنے چاہئیں۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ صفائی آپریشن کی روزانہ بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائے ، شہری شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بھیرہ کا اچانک دورہ کیا اور ایمرجنسی، مختلف وارڈز اور فارمیسی کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، صفائی صورتحال اور ادویات کی دستیابی کا جائزہ لیا اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت دی کہ مریضوں کو بروقت علاج، عزت و احترام اور صاف ماحول فراہم کیا جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے بھیرہ کے فیملی پارک اور اسسٹنٹ کمشنر آفس کی انسپکشن بھی کی اور اراضی ریکارڈ سنٹر کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ریکارڈ کی بروقت فراہمی، سائلین کے ساتھ بہتر رویے اور شفاف سروس ڈیلیوری کو یقینی بنانے کی ہدایت دی اور واضح کیا کہ عوامی خدمت میں کسی قسم کی غفلت یا غیر حاضری برداشت نہیں کی جائے گی، اور ذمہ داری پوری نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔