ستھرا پنجاب پروگرام ،وا سا اور ایس ڈبلیو ایم سی کا آگاہی مارچ
ستھرا پنجاب پروگرام ،وا سا اور ایس ڈبلیو ایم سی کا آگاہی مارچمقصد صفائی کے نظام اور شہری ذمہ داریوں کے بارے میں عوام کو آگاہ کرنا تھا
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت پورے صوبے میں صفائی اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے سلسلے میں سرگودھا میں واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا) اور سرگودھا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایس ڈبلیو ایم سی) نے مشترکہ آگاہی مارچ پاسٹ کا انعقاد کیا۔ مارچ پاسٹ کا مقصد شہر میں صفائی کے نظام اور شہری ذمہ داریوں کے بارے میں عوام کو آگاہ کرنا تھا۔مارچ پاسٹ کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو فہد محمود اور اے ڈی سی جنرل رانا ابو بکر نے کی۔ اس موقع پر سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی رانا شاہد عمران، ایم ڈی واسا رانا ابو بکر، اور دونوں اداروں کا فیلڈ، مانیٹرنگ اور آپریشنل عملہ بھی موجود تھا۔ مارچ میں صفائی سے متعلق بڑے ڈمپر ٹرک، کچرا اٹھانے والی گاڑیاں اور دیگر مشینری بھی شامل تھیں، جبکہ عملے نے شہریوں کو عملی مظاہرہ کے ذریعے صفائی کے اقدامات دکھائے ۔مارچ میلہ منڈی گراؤنڈ سے شروع ہو کر کچہری روڈ، یونیورسٹی روڈ اور دیگر اہم سڑکوں سے گزرتے ہوئے مقررہ مقام پر اختتام پذیر ہوا، جسے شہریوں نے سراہا۔اے ڈی سی آر فہد محمود نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت پورے پنجاب میں صفائی کے اقدامات جاری ہیں اور یہ مارچ اسی پروگرام کا حصہ ہے ۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ جہاں کہیں کھلا مین ہول یا کچرا نظر آئے ، فوری اطلاع واسا کی ہیلپ لائن 1334 پر دیں اور صفائی کے حوالے سے تجاویز و شکایات متعلقہ اداروں کو فراہم کریں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے ۔