انتظامیہ آوارہ کتوں کو تلف کرنے کیلئے عملی اقدامات نہ اٹھا سکی
انتظامیہ آوارہ کتوں کو تلف کرنے کیلئے عملی اقدامات نہ اٹھا سکیصورتحال کا نوٹس لے کر سخت اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے،شہر ی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) آوارہ کتوں کے کاٹنے کے حالیہ واقعات اور ڈویژنل انتظامیہ کے واضح احکامات کے باوجود انتظامیہ آوارہ کتوں کو تلف کرنے کیلئے عملی اقدامات نہ اٹھا سکی، تفصیل کے مطابق حکومت پنجاب نے کمشنر و ڈپٹی کمشنر کو آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور کاٹنے کے واقعات کے پیش نظر خصوصی کریک ڈاؤن کروانے کے احکامات جاری کر رکھے ہیں جس پر بلند و بانگ دعوے اور اعلانات تو کئے گئے تاہم عملی اقدامات نہیں اٹھا ئے جا سکے جس کے باعث کتوں کے کاٹنے کے بڑھتے ہوئے واقعات باعث تشویش بن کر رہ گئے ہیں ،محکمہ صحت اور کارپوریشن حکام ایک دوسرے پر ذمہ داری عائد کرنے میں مصروف ہیں، جبکہ چیک اینڈبیلنس کے فقدان اور مناسب حکمت عملی اختیار نہ کئے جانے کی وجہ سے صورتحال مزید گھمبیر ہوتی جا رہی ہے ،ذرائع کے مطابق فنڈز اور وسائل کی دستیابی کا عدم تعین بھی عملدرآمد میں رکاوٹ بنا ہوا ہے ، دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب کو صورتحال کا نوٹس لے کر سخت اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔