میگا منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے کام تیز کردیا گیا
آٹھ شہروں میں 36 ارب روپے کی لاگت سے سیوریج، بارشی پانی کی نکاسی، نالوں کی بحالی اور گلیوں میں پف ٹائپ ٹف ٹائلز کی تنصیب کا مون سون سے قبل مکمل کیا جائیگابھیرہ ، بھلوال ، سلانوالی اور ساہیوال سمیت خوشاب، جوہرآباد، میانوالی اور بھکر میں سیوریج سسٹم کی بحالی، نئی ڈرینج لائنز کی تنصیب کے منصوبے اور گلیوں کی تعمیر و بحالی کا کام شروع
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت سرگودھا ڈویژن کے آٹھ شہروں میں 36 ارب روپے کی لاگت سے سیوریج، بارشی پانی کی نکاسی، نالوں کی بحالی اور گلیوں میں پف ٹائپ ٹف ٹائلز کی تنصیب کے میگا منصوبوں کو مقررہ پیریڈ میں ہر صورت مکمل کرنے کیلئے کام تیزکردیا گیاان منصوبوں کا مقصد شہری انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا اور بالخصوص مون سون سیزن کے دوران عوام کو درپیش مسائل کا مؤثر حل فراہم کرنا ہے ۔ ان منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہوا جس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، ، ایم ڈی واسا اور چاروں اضلاع کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کے علاؤہ متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں جاری ترقیاتی اسکیموں کے سکوپ آف ورک، معیار اور تکمیل کی مدت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سرگودھا کی چاروں تحصیلوں، بھیرہ ، بھلوال ، سلانوالی اور ساہیوال سمیت خوشاب، جوہرآباد، میانوالی اور بھکر میں سیوریج سسٹم کی بحالی، نئی ڈرینج لائنز کی تنصیب، بارشی پانی کے نکاس کے منصوبے اور گلیوں کی تعمیر و بحالی کا کام شروع ہو چکا ہے ۔
منصوبوں کو اس انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے کہ وہ موجودہ اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے دیرپا بنیادوں پر شہری سہولیات فراہم کریں۔کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ انہوں نے ٹھیکیداروں کو کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے واضح کیا کہ مون سون سے قبل ایسے اقدامات یقینی بنائے جائیں جن سے بارشی پانی کے جمع ہونے کے مسائل میں واضح کمی آئے ۔ انہوں نے انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینکس اور ڈرینج سسٹم کی تکمیل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں ایم ڈی واسا نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت سرگودھا شہر میں جاری تقریباً 14 ارب روپے کے سیوریج منصوبے پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ فیلڈ مانیٹرنگ کا عمل مؤثر بنایا جائے اور پیش رفت کی باقاعدہ رپورٹ پیش کی جائے ۔کمشنر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے فراہم کیے گئے وسائل عوام کی امانت ہیں اور ان منصوبوں کے ثمرات براہ راست شہریوں تک پہنچنے چاہئیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ رواں سال مون سون کے دوران عوام کو عملی ریلیف فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔