ستھرا پنجاب پروگرام 3 ہزار 643 ورکرز جرائم پیشہ نکلے
ملازمین کی از سر نو سکروٹنی کروائی گئی اور محکمانہ رپورٹس کی روشنی میں چیک کیا تو ملازمین کریمنل ریکارڈ یافتہ پائے گئے ، 9591بھرتی کئے گئے تھے 277ملازمین ڈکیتی میں ملوث ،لاہور شیخوپورہ ،گوجرانوالہ،فیصل آباد ،سرگودھا،ساہیوال ،ملتان میں بھی ریکارڈ یافتہ ہونے کی تصدیق
سرگودھا(نعیم فیصل سے ) سرگودھا سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت کام کرنیوالے 3ہزار643 ورکرز جرائم پیشہ ریکارڈ یافتہ نکلے ،جن کے خلاف وزارت داخلہ پنجاب کی ہدایت پر کاروائی کا آغاز کر دیا گیا ،ذرائع کے مطابق گزشتہ سال ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے زیر انتظام ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت سرگودھا سمیت پنجاب بھر میں 1لاکھ 32ہزار354 ملازمین بھرتی کئے گئے تھے ،جن کی سکروٹنی کے دوران مختلف پہلوؤں کو نظر انداز کرنے کے ساتھ ساتھ زیادہ تر ملازمین کی بھرتی سیاسی بنیادوں پر عمل میں لائی گئی ،اس حوالے سے وزارت داخلہ پنجاب کی جانب سے متذکرہ تمام ملازمین کی از سر نو سکروٹنی کروائی گئی اور محکمانہ رپورٹس کی روشنی میں چیک کیا تو ان میں سے مجموعی طور پر 3ہزار643ملازمین کریمنل ریکارڈ یافتہ پائے گئے ،سرگودھا ڈویژن میں اس پروگرام کے تحت 9591بھرتی کئے گئے تھے
جن میں سے 277ملازمین ریکارڈ یافتہ جرائم پیشہ نکلے جوکہ ڈکیتی ،خواتین کو ہراساں کرنے ، چوری ،منشیات و دیگر نوعیت کے مقدمات میں ملوث پائے گئے ، اسی طرح لاہور میں867،شیخوپورہ 151،گوجرانوالہ 313،راولپنڈی 176اہلکار ر،فیصل آباد کے 321،سرگودھا277،ساہیوال 370،ملتان 530،ڈی جی خان 238اور بہاؤالپور297اہلکار و ں کے ریکارڈ یافتہ ہونے کی تصدیق ہوئی ، باعث تشویش امر یہ ہے کہ ان میں سینکڑوں افراد پانچ یا اس سے زائد مقدمات میں بھی ملوث پائے گئے ،وزارت داخلہ نے بھرتی میں ناقص سکروٹنی کی نشاندہی کرتے ہوئے ضلعی حکومتوں کو کاروائی کی ہدایات جاری کر دیں،ذرائع کا کہنا ہے کہ سرگودھا میں بھی اس حوالے سے اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں اور کمشنر حافظ شوکت علی نے سی او ایس ڈبلیو ایم رانا ابوبکر کو کریمنل ریکارڈ یافتہ اہلکاروں کے خلاف کاروائی کے احکامات جاری کر دیئے ہیں ۔