کم پٹرول دینے والے پمپ مالکان کیخلاف ایکشن لے لیاگیا
کم پٹرول دینے والے پمپ مالکان کیخلاف ایکشن لے لیاگیاانتظامیہ پر بھاری جرمانہ ،فوری طور پر پیمانہ درست کیا جائے ،پیرا فورس
بھیرہ(نامہ نگار )پیرا فورس نے شہری کی شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے کم پٹرول دینے والے پمپ کے خلاف ایکشن لے لیا۔حضور پور روڈ پر واقع پیٹرول پمپ کے بارے میں ایک شہری نے پیرا انفورسمنٹ اسٹیشن بھیرہ شکایت کی کہ اسے خریدے گئے پیٹرول کی مقدار کم دی گئی ہے جس پر پیرا فورس کے انسپکٹر رانا تنزیل الرحمن ٹیم کے ہمراہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور پمپ کے پیمانے کی جانچ پڑتال کی۔ چیکنگ کے دوران پیمانے میں کمی پائی گئی جس پر ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شہری کو کم دیا گیا پیٹرول پورا واپس دلوایا اور پیٹرول پمپ انتظامیہ پر بھاری جرمانہ عائد کرتے ہوئے اسے سختی سے ہدایت کی کہ فوری طور پر پیمانہ درست کیا جائے ۔ ٹیم کی موجودگی میں ہی پیمانہ درست کروایا گیا اور دوبارہ چیک بھی کیا گیا تاکہ آئندہ کسی بھی شہری کے ساتھ زیادتی نہ ہو پیرا فورس حکام کا کہنا تھا کہ شہریوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔