کمشنر نے کچہری بازار میں ترقیاتی کام 31 مئی تک مکمل کرنے کی ڈیڈلائن دیدی
بازاروں میں ڈبل پارکنگ پر پابندی عائد،تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کے احکامات جاری ،اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) عید سے قبل بازاروں میں ڈبل پارکنگ پر پابندی عائد،تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کے احکامات جاری جبکہ سٹی روڈ اور کچہری بازار میں ترقیاتی کام 31 مئی تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دیدی گئی ، عیدالفطر کے موقع پر بازاروں میں بڑھتے رش کے پیش نظر تجاوزات کے خاتمے ، ٹریفک مینجمنٹ اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیر صدارت منعقد ہوا ،اجلاس میں سٹی روڈ اور کچہری بازار کے تاجر نمایندوں نے بھی شرکت کی۔ کمشنر نے سی او میونسپل کارپوریشن اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ بازاروں میں تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ پختہ ہو یا عارضی، کسی بھی قسم کی تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے عیدالفطر کے رش کے پیش نظر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بازاروں میں راستے ہر صورت کھلے رکھے جائیں تاکہ خریداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ کمشنر نے ڈبل پارکنگ کے خلاف بھی سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں۔ انہوں نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ اپنی دکانوں کے سامنے صرف سنگل پارکنگ کو یقینی بنائیں اور دیگر دکانداروں کو بھی اس حوالے سے آگاہ کریں۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ سٹی روڈ، کچہری بازار ، امین بازار و دیگر بازاروں میں لفٹر اور ٹریفک پولیس کی موجودگی یقینی بنائی جائے تاکہ ڈبل پارکنگ کی فوری روک تھام کی جا سکے ۔ اجلاس میں تاجروں نے پنجاب حکومت کے سٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت سٹی روڈ اور کچہری بازار میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے اپنی آراء اور مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تاجروں کے مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں اور ترقیاتی کاموں میں ان کی مشاورت کو بھی شامل رکھا جائے ۔
سی او ایم سی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بلاک نمبر 19 میں تاجروں اور دکانداروں کے ورکرز کی موٹرسائیکلوں کی پارکنگ کے لیے جگہ مختص کر دی گئی ہے جبکہ دیگر بازاروں میں بھی پارکنگ کے لیے مخصوص مقامات مقرر کیے جا رہے ہیں۔ اسی طرح اردو بازار کو پیڈسٹرین بازار بنایا جا رہا ہے ۔اجلاس میں ایم ڈی واسا نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے خصوصی فنڈز سے سرگودھا شہر میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت سیوریج سسٹم کی بہتری کے لیے جاری بڑے منصوبے پر بریفنگ دی۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ مون سون سے قبل تمام ضروری اقدامات مکمل کیے جائیں اور اس حوالے سے باقاعدہ پلان بھی پیش کیا جائے ۔کمشنر نے فیسکو حکام کو سٹی روڈ اور کچہری بازار میں جاری بجلی کے کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ منصوبہ 31 مئی تک مکمل کر کے انتظامیہ کے حوالے کیا جائے تاکہ دیگر ترقیاتی کام بروقت مکمل کیے جا سکیں۔ اجلاس میں ایم ڈی واسا، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ،اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا، سی او میونسپل کارپوریشن، ایکسین ہائی وے اور ایکسین فیسکو کنسٹرکشن شریک ہوئے ۔