ای پورٹل پر موصولہ درخواستیں 5دن میں نمٹانے کی ڈیڈ لائن

ای پورٹل پر موصولہ درخواستیں 5دن میں نمٹانے کی ڈیڈ لائن

ای پورٹل پر موصولہ درخواستیں 5دن میں نمٹانے کی ڈیڈ لائن درخواست دہندہ سے فزیکل رابطہ مکمل ختم کرنے کا حکم جاری کر دیا

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر سرگودھا نے ای بز پورٹل پر موصولہ درخواستیں 5 دن میں نمٹانے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے درخواست دہندہ سے فزیکل رابطہ مکمل ختم کرنے کا حکم جاری کر دیا ، تفصیل کے مطابق کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے تمام انتظامی محکموں کے سربراہان کو کہ ای بز پورٹل پر موصول ہونے والی تمام درخواستوں کو ہر صورت پانچ یوم کے اندر نمٹانے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ اس عمل میں درخواست دہندگان سے کسی قسم کا فزیکل رابطہ نہ رکھا جائے بلکہ تمام سہولت گھر بیٹھے فراہم کی جائے ۔ انہوں نے یہ ہدایات ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ، چاروں اضلاع کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز جنرل/ فوکل پرسن اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

کمشنر نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق ای بز پورٹل کا مقصد عوام کو سہولت فراہم کرنا اور سرکاری دفاتر کے چکر ختم کرنا ہے ، لہٰذا درخواستوں کو کم سے کم وقت میں مکمل شفافیت کے ساتھ نمٹایا جائے ۔ انہوں نے تاکید کی کہ کسی بھی مرحلے پر کسی اہلکار کا درخواست گزار سے براہ راست رابطہ نہیں ہونا چاہیے ۔ اب تک ای بز پورٹل پر مجموعی طور پر 7,154 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جن میں سے 6,073 درخواستوں پر کارروائی مکمل کی جا چکی ہے ۔ ان میں سے 5,850 درخواستیں منظور جبکہ 223 مسترد کی گئی ہیں، جبکہ 1,074 درخواستیں مختلف مراحل میں زیرِ عمل ہیں۔ اس طرح مجموعی کارکردگی 96 فیصد رہی ہے ۔ مزید بتایا گیا کہ ضلع میانوالی میں 3,257، سرگودھا میں 1,566، بھکر میں 1775 جبکہ خوشاب میں 556 درخواستیں موصول ہوئیں۔کمشنر سرگودھا نے ہدایت کی کہ تمام درخواستوں کو مقررہ مدت کے اندر نمٹانے کے ساتھ ساتھ سروس ڈیلیوری کے معیار کو بھی مزید بہتر بنایا جائے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں