واسا کی کارکردگی کنکشن لگے نہیں بل بھجوادیئے
میونسپل کونسل 8,7,6سمیت دیگر کونسلوں کی درجنوں آبادیوں میں گھرانوں کو بھی پانی کے بل موصول ہو گئے ،سنگین نوعیت کی نا اہلی اور بے ضابطگیاں سامنے آنے لگی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا عملہ مہینے میں ایک مرتبہ علاقوں میں آتا ،لوگ اپنی مدد آپ کے تحت کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگاتے ،رابطہ کرتے ہیں تو رہنمائی نہیں کی جا رہی، لوگ اذیت کا شکار
سرگودھا(نعیم فیصل )واسا اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے ڈنگ ٹپاؤ پالیسی اور نا اہلی کے باعث ہزاروں شہری دفاتر میں خوار ہونے کے ساتھ ساتھ سراپا احتجاج بن کر رہ گئے ہیں،معرض وجود میں آنیوالے واسا اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں جہاں مبینہ بے ضابطگیاں آج کل موضوع بحث بنی ہوئی ہیں اور متعلقہ حکام مختلف پلیٹ فارموں پر اس کی وضاحتیں دیتے نظر آ رہے ہیں وہاں پینے کے پانی اورکوڑا کرکٹ اٹھانے کے بلوں کے حوالے سے بھی سنگین نوعیت کی نا اہلی اور بے ضابطگیاں سامنے آنے لگی ہیں ،واسا حکام کی جانب سے اس امر کی تصدیق کرنے کی زحمت نہیں کی گئی کہ کون کون سے علاقوں میں سرکاری واٹر سپلائیوں کا پانی فراہم کیا جا رہا ہے اورکون سے علاقوں میں کنکشن نہیں، اس سلسلہ میں سروے تک نہیں کیا گیا اور کارپوریشن کا پرانا ڈیٹا اٹھا کر لوگو ں کو بل بھجوا دیئے گئے ہیں جن میں میونسپل کونسل 8,7,6سمیت دیگر کونسلوں کے درجنوں آبادیوں میں ایسے گھرانوں کو بھی پانی کے بل موصول ہوئے ہیں جن کے پاس سرکاری پانی کے سرے سے کنکشنز نہیں ،اور وہ خرید کریا دوردراز علاقوں سے بھر کر میٹھا پانی استعمال کرتے ہیں، یہی حال ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا ہے جس کی جانب سے لوگوں سے زبردستی وصولیاں کرنے کیلئے بل تو بھجوائے جا رہے ہیں مگر عملہ مہینے میں ایک یا دو مرتبہ ان علاقوں میں آتا ہے ،جبکہ زیادہ تر لوگ اپنی مدد آپ کے تحت کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگاتے ہیں اس سلسلہ میں لوگ کام کاج چھوڑ کر وضاحتیں دینے کیلئے متعلقہ شعبوں سے رابطہ کرتے ہیں تو انہیں کسی قسم کی رہنمائی نہیں کی جا رہی اورمتاثرین کا کہنا ہے کہ واسا اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی نا اہلی کی سزا بھگتنے پر مجبور ہیں ۔مریم نواز سے نوٹس لے کر فوری اصلاح کا مطالبہ کیا ہے ۔