ایندھن بچاؤ اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کروانے کی ہدایت

 ایندھن بچاؤ اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کروانے کی ہدایت

سرکاری احکامات پر مکمل عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے ، ڈپٹی کمشنر

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ کفایت شعاری اور ایندھن بچاؤ اقدامات پر ضلع بھر میں سختی سے عملدرآمد کروانے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور ضلعی محکموں کے افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری احکامات پر مکمل عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے اور کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ سرکاری گاڑیوں کے فیول کے استعمال میں نمایاں کمی لائی جائے ، غیر ضروری گاڑیوں کے استعمال کو فوری طور پر بند کیا جائے ، سکیورٹی اور سرکاری وسائل کا استعمال صرف ضرورت کے تحت محدود رکھا جائے ، دفاتر میں ورک فرام ہوم پالیسی پر عمل کرتے ہوئے صرف ضروری عملہ طلب کیا جائے ۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ سرکاری اجلاسوں کو حتی الامکان آن لائن منعقد کیا جائے جبکہ غیر ضروری سرکاری تقریبات اور اخراجات سے مکمل اجتناب کیا جائے ۔ حسین احمد رضا چوہدری نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد وسائل کا مؤثر استعمال اور عوامی سہولیات کو برقرار رکھنا ہے ۔، لہٰذا تمام متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں اور حکومتی پالیسی پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں