سبزی و فروٹ منڈی بچھایا گیا نکاسی آب کا نظام مکمل

سبزی و فروٹ منڈی بچھایا گیا نکاسی آب کا نظام مکمل

منڈی میں جگہ جگہ جمع پانی، کیچڑ، گندگی اور غلاظت کے ڈھیر فیسیں لینے کے باوجود بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں ،تاجر

سرگودھا(سروے رپورٹ) مرکزی سبزی و فروٹ منڈی سرگودھا میں چند سال قبل محکمہ لوکل گورنمنٹ کی جانب سے بچھایا گیا نکاسی آب کا نظام مکمل طور پر بیٹھ گیااور حالیہ بارشوں نے منڈی کی صورتحال کو انتہائی ابتر بنا دیا ہے جس پر دوکاندار اور آڑھتی حضرات سراپا احتجاج بن کررہ گئے ہیں، منگل کے روز بھی وقفہ وقفہ سے بار ش کی وجہ سے منڈی میں جگہ جگہ جمع پانی، کیچڑ، گندگی اور غلاظت کے ڈھیر وں نے تاجروں اور خریداروں کو شدید مشکلات میں ڈالے رکھا جس پر انہوں نے شدید احتجاج کیا ، خوانچہ فروشوں اور آڑھتیوں کا کہنا ہے کہ لوکل گورنمنٹ نے جب سیوریج سسٹم بچھایا تھا اسی وقت ہم نے ناقص میٹریل کے استعمال اور دیگر سنگین بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی تھی مگر اس وقت کے ڈی سی نے کوئی ایکشن نہیں لیا اور بل پاس کر دیئے گئے جبکہ بعدازاں مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے بھی صفائی اور نکاسی آب کے مؤثر انتظامات نہیں اٹھائے گئے بھاری فیسیں وصول کرنے کے باوجود بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں، جس سے مسائل میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ۔یونین کے صدر اور سیکرٹری بھی گزشتہ پانچ سال سے عہدوں پر قابض ہیں اور باقاعدہ انتخابات نہیں کروائے گئے ۔ وہ تاجروں کے مسائل حل کرنے کے بجائے صرف ذاتی مفادات تک محدود ہو چکے ہیں،اگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوئی آواز بلند کرے تو اسے بلاجواز جرمانوں اور دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ ہمارے مسائل سننے والا کوئی نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ لوکل گورنمنٹ افسران جو کہ اب بھی سیٹوں پر براجمان ہیں کو کٹہرے میں لانے کے ساتھ ساتھ مارکیٹ کمیٹی سے بھی صورتحال بہتر نہ ہونے پر باز پرس کی جائے اور بہتری کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں