جتنا تاجر تعاون کرتے اتنا ادارے انہیں تنگ کرتے ،انجمن تاجران
پولیس ہو یا ایف بی آر یا کوئی اور محکمہ سب سے زیادہ سختیاں تاجروں پر کی جاتی ہیں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) تاجروں نے ہمیشہ انتظامیہ سے تعاون کیا ہے مگر سرگودھا میں دیکھا جاتا ہے کہ جتنا تاجر تعاون کرتے ہیں اتنے ادارے انہیں تنگ کرتے ہیں واسا ہو یا کارپوریشن پیرا فورس ہو یا ستھرا پنجاب والے پولیس ہو یا ایف بی آر یا کوئی اور محکمہ سب سے زیادہ سختیاں تاجروں پر کی جاتی ہیں جو ظلم کے مترادف ہے ان خیالات کا اظہار مرکزی انجمن تاجران شہروضلع سرگودھا کے صدر ناصر محمود سہگل جنرل سیکرٹری نعیم اسلم کپور نعیم سرور بسراء، افتخار بیگ شفیق الرحمن شہباز خان حاجی محمد اختر چودھری ذیشان خالق چودھری خالد محمود جواد خرم وڑائچ سمیت دیگر نے کیا انہوں نے کہا کہ تاجر برادری مصیبت کی ہر گھڑی میں انتظامیہ کے شانہ بشانہ ہوتی ہے مگر اب دیکھا جا رہا ہے کہ مختلف ادارے تاجروں کو ہراساں کرتے ہیں جس کی وجہ سے تاجروں کے لیے ہر دن مشکل سے مشکل تر ہوتا جا رہا ہے جب کوئی معاشی سرگرمیاں ہر گزرتے دن کے ساتھ ماند پڑ رہی ہیں مقررین نے کہا کہ خطہ کی بدلتی ہوئی صورتحال میں اس کے اثرات کاروبار پر بھی پڑنا شروع ہو چکے ہیں کیونکہ جب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو ہر چیز کی قیمت بڑھ جاتی ہے اس لیے انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ اداروں کی تعداد کو کم کرے اور فکس ٹیکس کا نظام رائج کرے تاکہ اداروں کے ملازمین سے تاجروں کی جان چھوٹ سکے ۔