پولیس کی پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافے کیلئے ورکشاپ کا انعقاد

 پولیس کی پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافے کیلئے ورکشاپ کا انعقاد

پولیس کی پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافے کیلئے ورکشاپ کا انعقاد قانونی سقم کو دور کرنے اور جاندار چالان مرتب کرنے کے طریقوں پر آگاہی

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) ریجنل پولیس آفیسر سرگودھا ریجن محمد شہزاد آصف خان کی خصوصی ہدایت پر پولیس افسران کی پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافے کے لیے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ آر پی او آفس کے کانفرنس روم میں منعقدہ اس ورکشاپ کا محور \\\"پنجاب کنٹرول آف نارکوٹکس سبسٹانسز ایکٹ 2025\\\" کے قانونی پہلو اور ان پر عملدرآمد تھا۔ ورکشاپ میں سرگودھا ریجن کے تمام اضلاع سے ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور منشیات کے مقدمات کے تفتیشی افسران نے شرکت کی۔ اس ورکشاپ میں سینئر ججز اور پراسیکیوٹرز نے بھی شرکت کی۔

منشیات کے مقدمات کی تفتیش میں رہ جانے والے قانونی سقم کو دور کرنے اور جاندار چالان مرتب کرنے کے طریقوں پر آگاہی دی گئی اور اس بات پر زور دیا گیا کہ کس طرح بہتر شہادتیں اورقانونی دستاویزات منشیات فروشوں کو عدالتوں سے قرار واقعی سزا دلوانے میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔ ورکشاپ میں نئے قواعدوضوابط کے تحت مقدمات کے اندراج اور تفتیش کے عمل میں بہتری لانے سے متعلق تربیت فراہم کی گئی۔ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے آر پی او سرگودھا محمد شہزاد آصف خان نے کہا کہ منشیات کی لعنت کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے ۔ یہ ہم سب کی پیشہ ورانہ اور اخلاقی ذمہ داری ہے کہ تفتیش کے عمل کو اتنا شفاف اور مضبوط بنائیں کہ کوئی بھی منشیات فروش قانون کی گرفت سے بچ نہ سکے ۔تفتیشی افسران اپنے فرائض بطریق احسن انجام دیں تاکہ معاشرے کو اس ناسور سے پاک کیا جا سکے ۔ ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء نے نئے ایکٹ کے متعلق سوالات کیے جن کے ماہرین نے تفصیلی جوابات دیے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں