2 لاکھ 16ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے
2 لاکھ 16ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے 3 ہزار 473 غیر حاضر بچوں کو بھی تلاش کر کے قطرے پلائے گئے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے دوسرے روز کی کارکردگی کا ایوننگ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ دوسرے دن ضلع بھر میں 2 لاکھ 16 ہزار 15 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے جو یومیہ مقررہ ہدف کا 92 فیصد ہے ۔ اجلاس کو مزید آگاہ کیا گیا کہ 3 ہزار 473 غیر حاضر (این اے ) بچوں کو بھی تلاش کر کے قطرے پلائے گئے جبکہ دوسرے روز صرف 3 انکاری کیسز رپورٹ ہوئے جنہیں ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے والدین کو قائل کر کے کور کر لیا۔
اسی طرح دوسرے دن 621 بچوں کو زیرو ڈوز بھی دی گئی,اجلاس میں بتایا گیا کہ دو روز کے دوران ضلع بھر میں مجموعی طور پر 4 لاکھ 45 ہزار 742 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں جبکہ 50 ہزار 665 غیر حاضر بچوں کو بھی تلاش کر کے کور کیا گیا۔ اب تک مجموعی طور پر 9 انکاری کیسز سامنے آئے جنہیں مکمل طور پر حل کر لیا گیا، جبکہ 1 ہزار 286 بچوں کو زیرو ڈوز دی جا چکی ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام پولیو ورکرز پوری محنت، ایمانداری اور جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں اور ہر بچے تک رسائی یقینی بنائیں تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے ۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کو خوش آمدید کہیں اور ان سے بھرپور تعاون کریں کیونکہ یہ ٹیمیں ان کے بچوں کی صحت کے محافظ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کا مشترکہ مشن ایک صحت مند اور پولیو فری پاکستان کا قیام ہے ۔