غیر قانونی میڈیکل سٹورز کیخلاف کارروائیاں تیز کرنے کا حکم
غیر قانونی میڈیکل سٹورز کیخلاف کارروائیاں تیز کرنے کا حکم فارمیسی مالکان کا مؤقف سننے ، ریکارڈ کا جائزہ لینے پر کیسز ڈرگ کورٹ ارسال
جوہرآباد(نمائندہ دنیا)ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس کانفرنس ہال میں منعقد ہوا، جس میں ایم ایس و سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر احمد خان، ڈرگ کنٹرولر انوار ارشد، ڈرگ انسپکٹر عامر حفیظ (نورپور و قائدآباد)، ڈرگ انسپکٹر نوشہرہ حافظ محمد عمران، کوالٹی کنٹرول بورڈ سیکرٹری احمد خان، نیوٹریشن آفیسر عمر شہزاد سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈرگ کنٹرولر اور ڈرگ انسپکٹرز نے مختلف فارمیسیز کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں پر بریفنگ دی اور متعدد کیسز ڈپٹی کمشنر کے سامنے پیش کیے گئے ۔ فارمیسی مالکان کا مؤقف سننے اور ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد کیسز ڈرگ کورٹ بھجوا دیے گئے ، جبکہ غیر حاضر فریقین کے کیسز آئندہ سماعت کیلئے مقرر کر دئیے گئے ۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر نے متعلقہ افسرون کو ہدایت کی کہ غیر قانونی طور پر چلنے والے میڈیکل سٹورز، زائدالمیعاد ادویات فروخت کرنے والوں، ویئر ہاؤسز، کمپنیوں اور فارمیسیز کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں ۔اور کسی قسم کی سفارش یا دباؤ کو خاطر میں نہ لایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا اور ایسے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔