معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر تقریبات کا آغاز کر دیا گیا
معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر تقریبات کا آغاز کر دیا گیا کوچز، ویگنوںپر قومی پرچم افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی پر فلیکس آویزاں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) ضلعی انتظامیہ سرگودھا کے زیر اہتمام معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر تقریبات کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ اس موقع پر ٹرانسپورٹرز برادری نے بھی بھرپور قومی جذبے کا مظاہرہ کیا ہے ۔ شہر بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ، کوچز، ویگنوں اور دیگر گاڑیوں پر قومی پرچم، قومی قیادت اور افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی پر مبنی بینرز اور فلیکس آویزاں کر دیے گئے ہیں۔ٹرانسپورٹرز کی جانب سے اپنی گاڑیوں کے عقب اور اطراف میں خصوصی بینرز لگائے گئے ہیں جن میں معرکہ حق میں تاریخی کامیابی، قومی اتحاد اور دشمن کے خلاف پاکستانی قوم کی ثابت قدمی کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے ۔ ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ افواجِ پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں کی قربانیوں کی بدولت ملک کو عظیم کامیابی حاصل ہوئی اور پوری قوم اس پر اﷲ تعالیٰ کا شکر ادا کر رہی ہے ۔ شہر کی مختلف شاہراہوں اور ٹرانسپورٹ اڈوں پر قومی پرچموں اور خیرسگالی پیغامات سے حب الوطنی کا منفرد منظر دیکھنے میں آ رہا ہے جبکہ ٹرانسپورٹرز نے معرکہ حق کی کامیابی کو قومی تاریخ کا قابلِ فخر باب قرار دیا ہے ۔