معرکۂ حق آپریشن بنیان المرصوص کا ایک سال مکمل ہونے ریلی
کوٹ مومن (نمائندہ دنیا )معرکۂ حق آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر اسسٹنٹ کمشنر محمد اختر ملک کی قیادت میں ایک شاندار ریلی نکالی گئی
۔ ریلی میں ڈی ایس پی کوٹ مومن ناصر محمود پنوں، انسپکٹر اسد اویس، انجینئر مستنصر اقبال، انجمن تاجران کے نمائندگان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ریلی کا آغاز اولڈ ایم سی آفس سے ہوا، جو چناب بازار سے ہوتی ہوئی تھانہ چوک پہنچی اور مسلم بازار میں اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جبکہ پاک فوج کے حق میں بھرپور نعرے بازی بھی کی گئی۔شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملکی سلامتی، استحکام اور دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ ریلی کے اختتام پر ملکی ترقی، امن و سلامتی اور پاک فوج کی کامیابیوں کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔