ترقیاتی سکیموں کو حتمی شکل دینے کے لئے اہم اجلاس

 ترقیاتی سکیموں کو حتمی شکل دینے کے لئے اہم اجلاس

ترقیاتی سکیموں کو حتمی شکل دینے کے لئے اہم اجلاس عوامی فلاح و بہبود، انفراسٹرکچر کی بہتری، سیوریج سکیموں کا جائزہ لیا گیا

سرگودھا (سٹاف رپورٹر)کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیر صدارت ڈویژن بھر میں اون سورس فنڈنگ کے تحت مجوزہ ترقیاتی سکیموں کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، متعلقہ محکموں کے سربراہان، ترقیاتی اداروں کے افسران اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران مختلف اضلاع میں عوامی فلاح و بہبود، انفراسٹرکچر کی بہتری، سیوریج، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، صفائی ستھرائی، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق مجوزہ ترقیاتی سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسران نے ہر سکیم کی فزیبلٹی، تخمینہ لاگت، دستیاب وسائل، ترجیحات اور متوقع ٹائم لائن کے حوالے سے بریفنگ دی۔کمشنرنے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

 ، اس لیے تمام محکمے باہمی رابطے کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تیاری اور تکمیل کو یقینی بنائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ اون سورس فنڈنگ کے تحت شامل سکیموں میں عوامی ضرورت، شفافیت، افادیت اور پائیداری کو اولین ترجیح دی جائے تاکہ منصوبوں کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچ سکیں اور شہری و دیہی علاقوں میں یکساں ترقی ممکن ہو۔کمشنر نے مزید کہا کہ تمام اضلاع اپنی مجوزہ سکیموں کو جلد از جلد حتمی شکل دے کر متعلقہ فورمز کو ارسال کریں تاکہ منظوری کے بعد ان پر عملی کام بروقت شروع کیا جا سکے ۔اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی، فنڈز کے شفاف استعمال اور معیار کو برقرار رکھنے کے امور پر بھی تفصیلی غور کیا گیا، جبکہ افسران کو ہر منصوبے کی باقاعدہ مانیٹرنگ یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی تاکہ مقررہ مدت میں معیاری تکمیل ممکن ہو سکے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں