ڈرگ اینڈ فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کیلئے فنڈز جاری نہ ہو سکے

ڈرگ اینڈ فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کیلئے فنڈز جاری نہ ہو سکے

اشیائے خورونوش کی بروقت جانچ کا مسئلہ مزید سنگین ہوتا جا رہا

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) پنجاب حکومت کی جانب سے ایک بار پھر ڈویژنل سطح پر ڈرگ اینڈ فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے قیام کے لیے فنڈز جاری نہ کیے جانے سے منصوبہ نئے مالی سال میں بھی تعطل کا شکار ہو گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ چھ برس سے التوا کا شکار اس منصوبے پر پیش رفت نہ ہونے سے ادویات اور اشیائے خورونوش کی بروقت جانچ کا مسئلہ مزید سنگین ہوتا جا رہا ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران فنانس اینڈ پلاننگ ڈیپارٹمنٹ کی ہدایت پر منصوبے کی فزیبلٹی، تخمینہ لاگت اور دیگر تکنیکی رپورٹس تیار کر کے متعلقہ محکموں کے درمیان مراسلت بھی مکمل کی گئی تھی، تاہم فنڈز مختص نہ ہونے کے باعث منصوبہ عملی شکل اختیار نہ کر سکا۔ہیلتھ اتھارٹی حکام کے مطابق ابتدائی طور پر رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں فنڈز جاری ہونے کی امید دلائی گئی تھی، لیکن اب صوبائی حکومت نے مالی وسائل کی کمی کے باعث فزیبلٹی رپورٹ پر عملدرآمد عارضی طور پر موخر کر دیا ہے ، جس سے منصوبہ دوبارہ غیریقینی صورتحال سے دوچار ہو گیا ہے ،دوسری جانب سرگودھا ڈویژن سے ادویات اور اشیائے خورونوش کے سینکڑوں نمونے جانچ کے لیے لاہور اور راولپنڈی کی لیبارٹریوں کو بھجوائے جا رہے ہیں، جہاں رپورٹس کے اجراء میں طویل تاخیر سے فوڈ اتھارٹی اور محکمہ صحت کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے ،متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی، سرکاری ہسپتالوں کی ضروریات اور خوراک و ادویات کے معیار کی مؤثر نگرانی کے پیش نظر سرگودھا ڈویژن میں ڈرگ اینڈ فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کا قیام ناگزیر ہو چکا ہے ، تاہم فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث یہ اہم منصوبہ مسلسل چھٹے سال بھی فائلوں تک محدود دکھائی دے رہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...