سرگودھا:طالبہ کے مبینہ اغوا کا معاملہ خاندانی تنازع میں تبدیل

سرگودھا:طالبہ کے مبینہ اغوا کا معاملہ خاندانی تنازع میں تبدیل

سرگودھا:طالبہ کے مبینہ اغوا کا معاملہ خاندانی تنازع میں تبدیل2مقدمات درج، 4افراد گرفتار،لاپتا ہونیوالی طالبہ تاحال بازیاب نہیں ہو سکی

سرگودھا (سٹاف رپورٹر)سرگودھا میں ایک طالبہ کے مبینہ اغوا سے شروع ہونے والا خاندانی تنازع دو الگ الگ مقدمات، گرفتاریوں اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کی صورت اختیار کر گیا۔ ایک جانب دو روز قبل لاپتا ہونے والی طالبہ تاحال بازیاب نہیں ہو سکی، جبکہ دوسری جانب طالبہ کی تلاش میں جانے والے اس کے والد اور بھائی سمیت چار افراد اغوا کے ایک دوسرے مقدمے میں گرفتار کر لیے گئے ۔ دونوں مقدمات کے مدعی اور ملزمان آپس میں قریبی رشتہ دار ہیں۔پولیس کے مطابق مجاہد کالونی کے رہائشی محمد فیاض کی بیٹی نمرہ دو روز قبل سیٹلائٹ ٹاؤن میں واقع ایک نجی کالج کے باہر سے مبینہ طور پر لاپتا ہو گئی، جس پر تھانہ ساجد شہید میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ اہل خانہ کا مؤقف ہے کہ انہیں معلوم ہوا کہ طالبہ مبینہ طور پر ان کے رشتہ دار علی حسن کے ساتھ گئی ہے ۔ اس اطلاع پر محمد فیاض اپنے رشتہ داروں کے ہمراہ 28 شمالی میں علی حسن کے گھر پہنچے ، جہاں سے علی حسن کی بہن روبینہ بی بی کو اس کے تین بچوں سمیت اپنے ساتھ لے آئے اس واقعے کے بعد روبینہ بی بی کے اہل خانہ نے تھانہ صدر میں محمد فیاض، اس کے دو بھائیوں اور بہنوئی کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کرا دیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے روبینہ بی بی اور بچوں کو بازیاب کر لیا، جبکہ مقدمے میں نامزد محمد فیاض سمیت چار افراد کو گرفتار کرکے عدالت سے تین روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا۔دوسری جانب، جس طالبہ نمرہ کے مبینہ اغوا سے یہ تنازع شروع ہوا، وہ تاحال لاپتا ہے اور تھانہ ساجد شہید پولیس اس کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں مقدمات کے مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے اور طالبہ کی بازیابی کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...