سبزی و فروٹ منڈی میں صدر شعیب خان کا فقیدالمثال استقبال
سبزی و فروٹ منڈی میں صدر شعیب خان کا فقیدالمثال استقبال 70 کروڑ کی ترقیاتی گرانٹ منظور،ترقیاتی کاموںکے ٹینڈرز بھی جاری ہو چکے :تاجر
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)مرکزی سبزی و فروٹ منڈی میں سیاسی و تاجر دھڑے بندی کے دعووں کے جواب میں تاجر برادری نے صدر شعیب خان کا بھرپور استقبال کرتے ہوئے اپنی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ صدر شعیب خان کو جلوس کی صورت میں منڈی لایا گیا، جہاں مختلف شیڈز پر تاجروں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، ہار پہنائے اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے ، جبکہ نوٹ بھی نچھاور کیے گئے ۔ استقبالیہ تقریب میں تمام برادریوں سے تعلق رکھنے والے تاجروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مرکزی سبزی و فروٹ منڈی شعیب خان، جنرل سیکرٹری میاں نوید، سینئر نائب صدر میاں عاطف، نائب صدر حاجی رانا راشد، جوائنٹ سیکرٹری شیخ اسد رزاق، رانا محمد افضال اور دیگر تاجر رہنماؤں نے کہا کہ منڈی کے تاجر اپنی منتخب قیادت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے مخالف دھڑے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ چند افراد کو اکٹھا کرکے بند کمروں میں تاجروں کے فیصلے کرنے والوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، انہوں نے کمشنر سرگودھا، ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا اور مارکیٹ کمیٹی حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں سے چیف سیکرٹری پنجاب کو بھی منڈی کے معاملات سے آگاہ کرنے کے لیے مدعو کیا گیا، جس سے تاجروں کے مسائل کے حل کی راہ ہموار ہوئی۔تاجر رہنماؤں نے بتایا کہ منڈی کے بنیادی مسائل کے مستقل حل کے لیے 70 کروڑ روپے کی خطیر ترقیاتی گرانٹ منظور ہوچکی ہے جبکہ ترقیاتی کاموں کے ٹینڈرز بھی اخبارات میں شائع کیے جاچکے ہیں۔ گرانٹ سے منڈی کے سیوریج سسٹم، سڑکوں، باؤنڈری وال، واٹر پلانٹ، مسجد سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی تعمیر، مرمت اور تزئین و آرائش کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments