صفائی نظام :ناقص کارکردگی پر کارروائی کی ہدایت

صفائی نظام :ناقص کارکردگی پر کارروائی کی ہدایت

صفائی نظام :ناقص کارکردگی پر کارروائی کی ہدایت شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے ، کمشنر

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت سرگودھا ڈویژن میں صفائی کے انتظامات اور ویسٹ مینجمنٹ کی کارکردگی پر اعلیٰ حکام نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے صفائی نظام کو مزید مؤثر بنانے ، فیلڈ مانیٹرنگ سخت کرنے اور ناقص کارکردگی کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی۔ کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیرصدارت اجلاس میں ڈویژن کے تمام اضلاع میں ستھرا پنجاب پروگرام کی پیش رفت، صفائی آپریشن اور ویسٹ مینجمنٹ کا جائزہ لیا گیا، جس دوران صفائی کے مطلوبہ معیار کو یقینی بنانے اور موجودہ خامیوں کو فوری دور کرنے پر زور دیا گیا۔ کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے ، ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن کو مؤثر بنایا جائے اور جمع ہونے والے کوڑے کو بروقت منتقل کرکے تلف کیا جائے ۔

انہوں نے مین شاہراہوں، بازاروں، گلیوں اور عوامی مقامات کی صفائی پر خصوصی توجہ دینے کے ساتھ فیلڈ میں صفائی آپریشن کی مؤثر نگرانی اور شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ حافظ شوکت علی نے واضح کیا کہ ستھرا پنجاب پروگرام محض صفائی عملے کی تعیناتی تک محدود نہیں بلکہ اس کے عملی نتائج شہریوں کو نظر آنے چاہئیں، اس لیے تمام سرگرمیوں کی روزانہ بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائے اور صفائی عملہ و مشینری کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔ اجلاس میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ صفائی کے نظام میں غفلت، کوتاہی یا ناقص کارکردگی سامنے آنے پر متعلقہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق عوام کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے متعلقہ افسران کو فیلڈ میں موجود رہ کر صفائی آپریشن کی نگرانی کرنے اور ستھرا پنجاب پروگرام کے مطلوبہ نتائج یقینی بنانے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...