سبزیوں کی مصنوعی قلت، پیاز، ادرک، لہسن، لیموں غریب کی پہنچ سے دور ہوگئے

سبزیوں کی مصنوعی قلت، پیاز، ادرک، لہسن، لیموں غریب کی پہنچ سے دور ہوگئے

پیاز 240روپے ، ادرک 440، لہسن 400اور لیموں 400روپے کلو تک جا پہنچا، متعدد دکانوں پر پیاز اور ٹماٹر دستیاب ہی نہیں,معاملات نچلے درجے کے عملے کے سپرد

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)سبزیوں اور پھلوں کی مصنوعی قلت نے شہریوں کو بدحال کردیا، پیاز 240 روپے ، ادرک 440، لہسن 400 اور لیموں 400 روپے کلو تک جا پہنچا، متعدد دکانوں پر پیاز اور ٹماٹر سرے سے دستیاب ہی نہیں,ذرائع کے مطابق سیکرٹری انڈسٹریز اور کمشنر سرگودھا کی جانب سے واضح احکامات کے باوجود مارکیٹ کمیٹیوں کے معاملات تاحال نچلے درجے کے عملے کے سپرد ہیں، جبکہ سبزیوں اور پھلوں کی روزانہ نیلامیوں کے موقع پر محکمہ زراعت اور ضلعی انتظامیہ کے متعلقہ افسران کی عدم موجودگی کا مبینہ طور پر بھرپور فائدہ اٹھایا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مارکیٹ کے معاملات کی موثر نگرانی نہ ہونے کے باعث مصنوعی قلت اور من مانے نرخوں کی شکایات بڑھتی جا رہی ہیں، جبکہ ریٹ لسٹوں میں مبینہ طور پر فرضی اعداد و شمار درج کرکے ریکارڈ کا پیٹ بھرنے کی روایت بھی برقرار ہے ۔ شہر سمیت ضلع بھر میں پیاز 240 روپے ، ادرک 440، لہسن 400، لیموں 400، سبز مرچ 200، گوبھی 180، بھنڈی 200، کریلا 180، گاجر 120، اروی 110، کھیرا 100 اور کدو 80 روپے فی کلو تک فروخت ہورہا ہے ۔ دوسری جانب پھل بھی عام صارف کی پہنچ سے باہر ہوتے جا رہے ہیں، سیب 450 روپے ، انگور 800، انار 420 اور امرود 140 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ دکاندار سرکاری نرخ ناموں کو نظرانداز کرکے من مانے نرخ وصول کر رہے ہیں، جبکہ کئی مقامات پر ضروری سبزیوں کی عدم دستیابی نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے ۔ صارفین کے مطابق سبزیاں اور پھل اب روزمرہ خوراک کے بجائے عام آدمی کے لیے ایک مہنگی ضرورت بن چکے ہیں، کم آمدن والے خاندان کچن کا بجٹ برقرار رکھنے میں مشکلات کا شکار ہیں، مگر اس کے باوجود گرانفروشوں کے خلاف انتظامیہ کی کارروائیاں موثر نظر نہیں آ رہیں۔ شہریوں نے کمشنر اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ محض کاغذی کارروائی اور ریٹ لسٹوں تک محدود اقدامات کے بجائے منڈیوں میں نیلامی کے عمل کی براہ راست نگرانی، مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف کارروائی اور سرکاری نرخوں پر فروخت یقینی بنائی جائے تاکہ سبزیوں اور پھلوں کی بے قابو قیمتوں سے عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...