کینو کے آئندہ سیزن کے ریٹ کے تعین کیلئے مشاورت شروع

کینو کے آئندہ سیزن کے ریٹ کے تعین کیلئے مشاورت شروع

کینو کے آئندہ سیزن کے ریٹ کے تعین کیلئے مشاورت شروعآئندہ ہفتے کنو گروورز ایسوسی ایشن کے نمائندگان کے ساتھ مزید اجلاس کیا جائیگا

سرگودھا (سٹاف رپورٹر)ضلعی انتظامیہ نے کینو کے آئندہ سیزن کے ریٹ کے تعین کیلئے پیشگی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز محمد ارشد وٹو کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں کنو کے متوقع ریٹ، پیداواری صورتحال، مارکیٹ رجحانات اور برآمدی ا  مکانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈائریکٹر سٹریس ریسرچ انسٹیٹیوٹ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت، ای اے ڈی اے ، ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹری، کنو گروورز ایسوسی ایشن، کنو فیکٹری مالکان اور چیمبر آف کامرس کے نمائندگان نے شرکت کی۔ شرکاء نے کنو کی پیداواری لاگت، پھل کے معیار، مارکیٹ میں طلب، برآمدی صورتحال اور کاشتکاروں کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

اجلاس میں موجودہ مارکیٹ رجحانات، برآمدی امکانات اور کاروباری اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے ریٹ کے تعین کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔ بتایا گیا کہ سازگار موسمی حالات کے باعث رواں سیزن میں کنو کی پیداوار میں بہتری کی توقع ہے ، تاہم برآمدی منڈیوں کی صورتحال، سرحدی و تجارتی حالات، فریٹ اخراجات اور عالمی طلب جیسے عوامل کنو کے ریٹ پر اثرانداز ہو سکتے ہیں۔

اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ کنو کے ریٹ کا تعین کرتے وقت کاشتکاروں کی پیداواری لاگت، پھل کے معیار، مارکیٹ کی طلب اور برآمدی ضروریات کو مدنظر رکھا جائے تاکہ کاشتکاروں، ایکسپورٹرز اور کنو کی خرید و فروخت سے وابستہ دیگر افراد کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ آئندہ ہفتے کنو گروورز ایسوسی ایشن کے نمائندگان کے ساتھ مزید مشاورتی اجلاس منعقد کیا جائے گا، جس میں کاشتکاروں کے مسائل، تحفظات اور تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا۔ تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت اور مارکیٹ کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کنو کے ریٹ کا حتمی تعین کیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...