میانوالی پولیو فری ضلع ہے ، برقرار رکھا جائے گا، محکمہ صحت
میانوالی پولیو فری ضلع ہے ، برقرار رکھا جائے گا، محکمہ صحتورلڈ پولیو ڈے کے حوالے سے تقریب، ہیلتھ ورکرز میں تعریفی اسناد تقسیم
میانوالی (نامہ نگار)محکمہ صحت و آبادی میانوالی نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور کامنٹ کے تعاون سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے دفتر میں ورلڈ پولیو ڈے کے حوالے سے خصوصی تقریب منعقد کی۔تقریب میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر میاں کاشف علی، ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر مسرور احمد، انچارج کامنٹ عمران نیازی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر احسان الحق اور ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر آئی آر ایم این سی ایچ ڈاکٹر فرمان اللہ خان نے شرکت کی۔تقریب کا مقصد پولیو کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں کو اجاگر کرنا اور ہیلتھ ورکرز کی خدمات کو سراہنا تھا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر احسان الحق نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے میانوالی پولیو فری ضلع ہے ، جو محکمہ صحت کے افسران، فیلڈ ٹیموں اور پولیو ورکرز کی مسلسل محنت کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع کو مستقبل میں بھی پولیو سے پاک رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر میاں کاشف علی نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانا ضروری ہے ۔تقریب کے اختتام پر انسداد پولیو مہم میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ہیلتھ ورکرز میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔ ڈاکٹر میاں کاشف علی نے ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ‘‘آپ لوگ ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔’’ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ ورکرز کی گھر گھر جا کر محنت آنے والی نسلوں کے روشن اور صحت مند مستقبل کی ضمانت ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments