مریضہ کی ہلاکت کے بعد نجی ہسپتال کے آپریشن تھیٹرز سیل

 مریضہ کی ہلاکت کے بعد نجی ہسپتال کے آپریشن تھیٹرز سیل

لاہور(اپنے سٹاف رپور ٹرسے )پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے ایک مریضہ کی موت واقع ہونے پر گزشتہ روزایک نجی ہسپتال کے تین آپریشن تھیٹرز کو سیل کرنے کے علاوہ ہسپتال میں نئے مریضوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی۔

تفصیلات کے مطابق شہری شعیب احمد نے پی ایچ سی میں ایک درخواست جمع کرائی کہ ان کی اہلیہ لائپوسکشن سرجری کرانے کے لیے نجی ہسپتال جوہر ٹاؤن میں گئی ۔ تاہم بے ہوشی کے دوران مریضہ کی حالت بگڑ گئی اور وہ جانبر نہ ہوسکیں۔ درخواست گزار نے موت کی وجہ غیر پیشہ ورانہ طبی عملہ، سنگین طبی غفلت اور نجی ہسپتال میں ایمرجنسی کی ناکافی سہولیات کو قرار دیا۔ہسپتال میں شکایت کے انتظام، فائر سیفٹی اور میڈیکل کوریج کا بھی فقدان پایا گیا۔ٹیم نے ہسپتال کے تمام تینوں آپریشن تھیٹرز کو سیل کر دیا اوران ڈور اور سرجیکل سروسز کو بھی معطل کر دیا۔ہسپتال کی انتظامیہ کو قانونی نوٹس بھی دیاگیا ہے کہ یہ کمیشن کمیٹی کے سامنے پیش ہواورتعمیلی رپورٹس بھی جمع کرائے ۔ ترجمان کے مطابق کمیشن بدقسمت مریضہ کی موت کی تحقیقات جاری رکھے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں