خاتون اورمنگیترپراغواکے بعدتشدد،بال کاٹ دئیے
الہ آباد،تلونڈی (نمائندہ دنیا،نامہ نگار)با اثر ملزموں نے خاتون اور اس کے منگیترکواغوا کے بعد تشدد کانشانہ بنایا ،دونوں کے سرکے بال اور بھنویں کاٹ دیں ، پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں کو بازیاب کرکے قتل ہونے سے بچالیا۔۔۔
کلثوم بی بی ملزم اکرم سے خلع لیکر مبشرسے دوسری شادی کرنے جارہی تھی،پولیس نے 9نامزد اور 2 نامعلوم ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا،پولیس نے 6ملزم گرفتار کرلیے ۔تفصیلات کے مطابق خاتون کلثوم بی بی نے تھانہ کنگن پور میں مقدمہ درج کرایا کہ میں نے محمد اکرم سے خلع لے رکھا ہے ، جس کی رنجش پر محمد اکرم ،محمد اشفاق وغیرہ اور 2 نامعلوم افرادنے لاہور موہلن وال سے مجھے میرے منگیتر سمیت اغوا کر لیا اور چندوبیگم گاؤں میں لاکر کمرے میں بند کر کے تشدد کا نشانہ بنایا اور دونوں کے سرکے بال اور بھنویں کاٹ دیں اور ہمیں قتل کرنا چاہتے تھے ، پولیس نے بر وقت چھاپہ مارکر کلثوم بی بی اور مبشر علی کو بازیاب کرکے 6ملزموں کو پکڑلیا ۔ایس ایچ او محمد اسلم بھٹی نے اپنے مؤقف میں بتایاکہ جلد دیگر ملزم بھی حوالات میں ہونگے ، بروقت اطلاع ملنے پر ریڈ کرکے متاثرین کی جان بچائی ،انصاف کے تقاضے پورے کرینگے ۔