کہوٹہ:تیزرفتار وین دریا میں جاگری،3 افرادجاں بحق،9لاپتہ
راولاکوٹ، راولپنڈی(آئی این پی ،آن لائن،این این آئی)راولپنڈی کی تحصیل کہوٹہ میں آزاد پتن گراری پل کے قریب آزادکشمیر سے آنے والی مسافر وین دریا میں جا گری، 4مسافروں لیاقت صادق ،ظفر اقبال ،سجاد شاہ ،باسط مقصود کوزخمی حالت میں نکال کرہسپتال منتقل کردیاگیا۔
ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ، ریسکیو 1122 اور امدادی ادارے کی ٹیموں نے ریسکیو آپریشن کے دوران 3لاشیں نکال لیں ،مزید 9افرادکی تلاش جاری ہے ،جبکہ 60 سالہ مسمات فاطمہ ،پروفیسر نعیم، عدیل، طارق،ڈرائیور ادریس ، عمر حیات ودیگر دریا میں ڈوب گئے ، ہجیرہ سے کنڈیکٹر کے ہمراہ 5 مسافروں کو سوار کرکے راولپنڈی کی جانب آرہی تھی کہ راستے سے 9 دیگر مسافربھی وین میں سوار ہوگئے ، جب وین آزاد پتن گراری پل کے قریب پہنچی تو گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہوکر سڑک کے ساتھ گہرائی میں بہتے ہوئے دریا میں جا گری۔عینی شاہدین کے مطابق دریا میں گاڑی کی چھت کا بمشکل ایک حصہ دکھائی دے رہا تھا ، اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو 1122 کے عملہ نے موقع پر پہنچ کر 4 مسافروں کوزخمی حالت میں نکالا،ریسکیو کی ایمرجنسی وہیکل سمیت 6 ایمبولینس گاڑیاں اور واٹر ٹیم سمیت 20 ریسکیورز نے سرچ آپریشن میں حصہ لیا۔ادھر سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے حادثے کا نوٹس لیا ،جس پر چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم اور ایس ایس پی آپریشن طارق محبوب فوری موقع پر پہنچے ،ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ دریا میں پانی کا بہاؤ زیادہ ہونے کے باعث آپریشن میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔