پنجاب بلاول کا گھر، یہاں عزت ملے گی، آپکے مہربان تبصروں کا شکریہ : مریم نواز
دورہ پنجاب پربلاول کیلئے دلی نیک تمنائیں :ایکس پرپیغام ،بیوٹیفکیشن پلان فیزون کیلئے مئی کاہدف فٹ پاتھ پر خوبصورت کلرٹائلز لگانے کا حکم،تجاوزات پر اسسٹنٹ کمشنر کو وارننگ دی جائیگی
لاہور (دنیانیوز)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو دورہ پنجاب پر خوش آمدید کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب بلاول کا گھرہے ،یہاں ان کوعزت ملے گی ،مہربان تبصروں پر ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں ،وزیراعلیٰ نے اسسٹنٹ کمشنرز کو تجاوزات کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہاکہ ہرشہر کا ہرکونہ صاف نظر آنا چاہئے ،انہوں نے شہروں کو خوبصورت بنانے کے پہلے مرحلے کیلئے فروری سے مئی تک کا ہدف بھی مقررکردیا۔مریم نواز نے ایکس پراپنے پیغا م میں لکھاکہ میں بلاول بھٹوزرداری کا پنجاب کے دورے پر پرتپاک استقبال کرتی ہوں،پنجاب آپ کا گھر ہے اور آپ کو یہاں ہمیشہ عزت کی جگہ ملے گی۔آپ کے میرے بارے میں مہربان تبصروں کا شکریہ، آپ کے لئے میری دلی نیک تمنائیں اور دعائیں ہیں۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ کی زیرصدرات خصوصی اجلاس ہوا ،جس میں ہر شہر کے بیوٹیفکیشن پلان کی تفصیلات اور تصویری جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے بیوٹیفکیشن پلان فیز ون کی تکمیل کے لئے فروری سے مئی تک کاہدف مقرر کر دیا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کے 39اضلاع میں 132بیوٹیفکیشن سکیمیں 16ارب 90 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہوں گی۔ 97 بیوٹیفکیشن سکیموں کے ورک آرڈر جاری جبکہ 88 بیوٹیفکیشن پراجیکٹ شروع ہوگئے ۔ لاہور میں بیوٹیفکیشن کے 18، سرگودھا میں 6، بہاولپور میں 16، گوجرانوالہ میں 12 ،راولپنڈی میں 17، فیصل آباد میں 13، ملتان میں 8 اور ساہیوال میں 24 بیوٹیفکیشن پراجیکٹ مکمل کئے جائیں گے ۔ مریم نواز نے ہرشہر کے بیوٹیفکیشن پلان میں واٹر فیچر،فوارے ، مصنوعی آبشاریں شامل کرنے کی ہدایت کی اورمرکزی بازاروں میں روڈ کے درمیان خوبصورت گرین بیلٹ بنانے کا حکم دیا اور بیوٹیفکیشن پلان میں تیزی سے بڑھنے والے پودے اور سبزہ شامل کرنے کی ہدایت کی،انہوں نے فٹ پاتھ پر روایتی گرے ٹائلز کی بجائے خوبصورت کلرٹائل لگانے کا حکم بھی دیا۔ اجلاس میں بیوٹیفکیشن پراجیکٹ کے لئے ڈیش بورڈ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں ڈی سی کی طرح اسسٹنٹ کمشنروں کے بھی کے پی آئیز (key performance indicator)مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس سے کارکردگی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ کھلے مین ہول،ٹوٹی سڑکیں، گندگی، کوڑے کے ڈھیر، ٹوٹی ہوئی گرین بیلٹ اور خراب (کلر)پینٹ پرذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی، شہروں میں تجاوزات نظر آنے پر اسسٹنٹ کمشنر کو وارننگ دی جائیگی۔ مریم نواز نے کہا کہ شہروں کی بیوٹیفکیشن کا عمل جاری رہے گا۔ ہر ضلع،شہر اور قصبے کو اینڈ ٹو اینڈ(مکمل)بیوٹی فائی کیا جائے گا،کوئی ایک بازار نہیں، شہر کے ہرہرکونے کو صاف ستھرا نظر آنا چاہئے ۔ مریم نواز نے پہاڑوں کے عالمی دن پر اپنے پیغا م میں کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو خوبصورت پہاڑوں سے نوازا ہے اور ہم سب پر فرض ہے کہ ان کا تحفظ کریں۔